ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چوکیدارچوربھی ڈرپوک بھی : راہل گاندھی

چوکیدارچوربھی ڈرپوک بھی : راہل گاندھی

Wed, 10 Apr 2019 11:41:06    S.O. News Service

گوہاٹی،10؍اپریل(ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو’’ڈرپوک‘‘قرار دیااور کہاکہ چوکیدار محض چور ہی نہیں بلکہ ڈرپوک بھی ہے۔

راہل گاندھی نے یہاں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی پر سخت حملہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کبھی بھی وہ بدعنوانی پر بحث کرانے کے چیلنج کو قبول نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہاکہ جب میں نے مودی سے بد عنوانی پر بحث کرانے کی گذارش کی تووہ اس وقت اس چیلنج کو قبول کرنے کے بجائے بھاگ گئے۔ کیونکہ اگر بد عنوانی پر بحث ہوتی تو رافیل سودے کی حقیقت سامنے آجاتی۔

غور طلب ہے کہ اس سے قبل گاندھی نے مودی کو’’چور‘‘ بتایا تھا تو جواب میں مودی نے خود کو’’چوکیدار‘‘ قرار دیا تھا۔ گاندھی کے اس تازہ ترین طنز یہ بیان کے سلسلے میں بی جے پی کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا ہے ۔

گاندھی نے کہاکہ میں نے مودی سے رافیل سودے پر چار آسان سوال پوچھے ۔ وہ پارلیمنٹ میں ایک ڈیڑھ گھنٹے تک بولے ، لیکن ایک بار بھی مجھ سے آنکھ ملانے کی ہمت نہ کرسکے ۔

مودی کو چند امیر ہندوستانیوں کا ’’چوکیدار‘‘قرار دیتے ہوئے کانگریس کے صدر نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ذریعہ عوام کا پیسہ چھین کر اپنے چند تاجر دوستوں کی جیب میں ڈال دیا۔ انہوں نے کانگریس کے برسر اقتدار آنے کی صورت میں یہ پیسے واپس عوام کو لوٹانے کا وعدہ بھی کیا۔

ملک کے سب سے غریب 20فیصد خاندانوں کو ہر سال72,000روپئے دینے کا وعدہ کرنے والی کانگریس کا منصوبہ ’’نیائے ‘‘کا تذکرہ کرتے ہوئے گاندھی نے کہاکہ یہ پیسہ براہ راست خاندان کی ارکان خواتین کے بینک کھاتے میں جمع کیا جائے گا۔

مہیلا کانگریس کی قومی صدر سشمتا دیو سمیت آسام کی براک گھاٹی سے کانگریس کے دو نوجوان امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں ریاستی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں خواتین کو33فیصد ریزرویشن کا وعدہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے خصوصی طور پر تین برسوں تک بغیر کسی اجازت کے نئے کاروبار کی شروعات کرکے ‘خود روزگار’کو فروغ دے کر نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے براک گھاٹی کے عوام کے لیے صاف پینے کا پانی، ملک کے باقی حصوں کے ساتھ رابطہ اور اسے ہندوستان اور دیگر ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کی یقین دہانی کرائی۔ 


Share: